راولپنڈی ۔6جون (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی نے کہا ہے کہ پیر ودھائی بس سٹینڈ کو اپ گریڈیشن اور تزئین آرائش کے بعد عوام کے لیے مکمل طور پر کھول دیا گیا۔پیر ودھائی بس سٹینڈ پورے پاکستان کو جوڑتا ہے۔ یہاں ہرشہر کا مسافر آتا ہے۔ آئی جی پی روڈ پر اندر آتے ہی ناجائز طور پرقائم12 اڈوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔صحافی برادری کا اس مثبت قدم میں ساتھ دینے پر شکر گزار ہیں۔ان خیالات کا اظہار کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پیر ودھائی بس سٹینڈ گندگی اور دلدل سے بھرا ہوا تھا۔ ذاتی دلچسپی سے پیر ودھائی بس سٹینڈ کی اپ گریڈیشن اور تزئین آرائش کی۔پیر ودھائی بس سٹینڈ کے گردو نواح میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا۔مسافروں کی سہولت کے لیے ٹکٹوں کے حصول کے لیے علیحدہ کیبن بنائے۔نئی کینٹین بنائی گئی ہے جہاں مسافروں کو معیاری کھانا فکس ریٹ پر دیا جائے گا۔کمشنر راولپنڈی نے مزید کہا کہ اڈے کے پچھلے حصے میں گندگی کے ڈھیر تھے جسے صاف کرا دیا گیا ہے۔
مرد و خواتین کے لیے علیحدہ انتظار گاہ قائم کی گئی ہے جن میں ائیر کنڈیشن لگائے ہیں۔ مسافروں اور انکے سامان کی حفاظت کے لیے پیر ودھائی بس سٹینڈ پر 12 سیکورٹی گاڈرڈ رکھے ہیں۔اس حوالے سیسی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔صفائی والے عملے کو تعینات کیاگیا ہے۔
واش رومز کی صفائی کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔بوڑھے اور معزور مسافروں کے لیے مدد گار بھی رکھے گئے ہیں۔مسجد کی تعمیر خاص طور پر بس اڈے میں کرائی گئی ہے۔تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومتی احکامات کے مطابق کرایوں میں کمی کے لیے تمام راولپنڈی ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔