سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے چوہدری محمد یٰسین کی قیادت میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے وفد کی ملاقات

165

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت میں مزدور طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، عوام دوست حکومت مزدوروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔آنے والے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا ،غریب اور متوسط طبقے کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر بجٹ پیش کیا جائے گا ،انہوں نے مزدور طبقے کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ان خیالات کا پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین کی سربراہی میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو ان سے ملاقات کی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی مزدوروں کی جماعت ہے اور ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی بات کرتی ہے اور اس طبقے کو خوشحالی کے لئے عملی اقدامات کرنا اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ملک کی پائیدارترقی کے لئے ضروری ہے۔

پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اور قائد مزدور یونین (سی بی اے)چوہدری محمد یٰسین نےملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان بھر کے مزدوروں کو درپیش مسائل جس میں کم سے کم اجرت پر عملدرآمد یقینی بنانا، آنے والے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ،ای او بی آئی پنشن میں اضافے سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر مزدور یونین کے سینئر وائس چیئرمین مرزا سعید اختر، ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسد محمود، چوہدری طارق گجر، شفیع اللہ خان، صفدرعباسی، چوہدری عابد، محمد سلیم بھٹی، راجہ غلام مےرتضیٰ، محمد یوسف بٹ، ملک سجادحسین سمیت دیگرعہدیداران بھی موجود تھے۔