انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ ، بابر اعظم کی ایک درجہ ترقی

218
Babar Azam
Babar Azam

دبئی ۔7جون (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ پلیئررینکنگ جاری کردی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی ایک درجہ ترقی ہوئی ہے اور وہ پانچویں سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے مارنس لبوشین پہلے نمبر پر براجمان ہیں ، نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ تیسرے نمبر پر بدستور برقرار ہیں۔ انگلینڈ کے جو روٹ ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

بدھ کو آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے مارنس لبوشین 915 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں ، نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن 883پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ 872 883پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر بدستور برقرار ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی ایک درجہ ترقی ہوئی ہے اور وہ 862 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے جو روٹ ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ چھٹے،آسٹریلیا کے ہی عثمان خواجہ ساتویں، نیوزی لینڈ کے ڈئرل مچل آٹھویں،سری لنکا کے دیموتھ کرونارتنے نویں اور بھارت کے ریشبھ پنت دسویں نمبر پر ہیں۔ٹیسٹ فارمیٹ کے بائولرز میں بھارت کے روی چندرن ایشون کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دوسرے اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کی تیسری پوزیشن ہے۔

جنوبی افریقا کے کاگیسو ربادا چوتھے نمبر پر ہیں اور پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی 787 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں آل رائونڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کی ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار ہے۔بھارت کے ہی روی چندرن ایشون دوسرے جبکہ بنگلہ دیشی شکیب الحسن تیسرے نمبر پر ہیں۔