وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک سے ترکمانستان کے وفد کی ملاقات

195

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہےکہ تاپی خطہ کے لئے صرف ایک پائپ لائن نہیں بلکہ تبدیلی کا ایک ایجنڈا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکمانستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفدجس کی قیادت وزیر مملکت اور ترکمانگاس کے چیئرمین مکسات بابائیف کر رہے تھے ،سے بدھ کو یہاں ملاقات میں کیا۔ دونوں اطراف نے ترکمانستان-افغانستان-پاکستان-بھارت(تا پی ) گیس پائپ لائن منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر مملکت نے تاپی منصوبے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ترکمانستان میں توانائی کے امکانات کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ تاپی صرف ایک پائپ لائن ہی نہیں ہے بلکہ یہ خطے کے لئے تبدیلی کا ایک ایجنڈا ہے ۔ملاقات میں مسائل کے حل کے لئے پاکستان سے ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تاپی پر تکنیکی ورکنگ گروپ کا وسیع تر اجلاس آ ج ہوگا۔

ترکمانستان کے وفد نے تاپی کے لئے حکومت پاکستان کی حمایت اور تعاون پرشکریہ ادا کیا۔ ترکمانستان کے وفد میں ترکمانستان کے نائب وزیر توانائی ایناگیلڈی ساپاروف ،سی ای او اور چیئرمین بورڈ، ٹی پی سی ایل محمد میرات امانوف، ترکمانستان کے سفیرعطاجان مولاموف، پاکستان برانچ منیجر، ٹی پی سی ایل مسٹر میرات بیراموف بھی شامل تھے جبکہ پاکستانی وفد میں ایڈیشنل سیکرٹری ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل سیکرٹری حسن اقبال، منیجنگ ڈائریکٹر انٹر سٹیٹ گیس سسٹمز (آ ءی ایس جی ایس) ندیم باجوہ اور پٹرولیم ڈویژن کے دیگر حکام شامل تھے۔