ماسکو۔7جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی اورروس کے نائب وزیر اعظم الیگزنڈر نوویک کے مابین ماسکو میں ملاقات ہوئی ۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے امور زیر بحث آئے اور تعلقات کو مزید فعال بنانے کیلئے ادارہ جاتی تعاون سمیت تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، ثقافت اور وفود کے تبادلوں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں معززین نے پاکستان روس تعلقات میں جاری پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور امن و استحکام کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زرو دیا ۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ وفد میں سینیٹر ز منظور احمد کاکڑ، دلاور خان،روبینہ خالد، نزہت صادق، عبدالغفور حیدری، عبدالقادر دیگر بھی موجود تھے۔