بجٹ میں عوامی ریلیف اورسرکاری ملازمین کےلئے خوشخبری کےساتھ ساتھ نوجوانوں کےلئے آئی ٹی ،زراعت،ایکسپورٹ اور فوڈ سکیورٹی کےشعبوں میں بڑاریلیف ملےگا،وزیراطلاعات مریم اورنگزیب

144
مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوامی ریلیف اور سرکاری ملازمین کے لئے خوشخبری کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لئے آئی ٹی ، زراعت، بزنس ، ایکسپورٹ اور فوڈ سکیورٹی کے شعبوں میں بڑا ریلیف ملے گا ۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ وہ حکومت ہے جو صرف عوام کے ریلیف اور ترقی کا سوچتی ہے ، بدحالی سے خوشحالی اور بحالی کا سفر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام دیکھیں گے کہ گذشتہ چار سالہ بدحالی کا سفر کیسے معاشی استحکام اور ترقی میں تبدیل ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے بجٹ میں ہم نے جو سمت ترتیب دیدی تھی ،ایک فتنے نے اس پر بھی حملے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے ۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عوامی ریلیف اور سرکاری ملازمین کے لئے خوشخبری کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لئے آئی ٹی شعبے ، زراعت، بزنس مین ، ایکسپورٹ اور فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں بڑا ریلیف ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ چار سال کی نااہلی ،نالائقی ،چوری، کرپشن اور معیشت کی تباہی کی وجہ سے مایوسی پھیلی ،2013 میں جس طرح معیشت کو سیدھے راستے پر ڈالا تھا اسی سمت کے تعین کی کوشش ہے۔