خاتون جج دھمکی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی 6 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب

88

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں خاتون جج دھمکی کیس میں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 6 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا،چیئرمین پی ٹی آئی کے مچلکے جمع کروانے والے شخص کو شوکاز نوٹس جاری کرکے طلب کرلیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست استثنا پر جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے 4 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت نے ایس ایس پی سکیورٹی سے کچہری کی سکیورٹی رپورٹ طلب کرلی، فیصلے کے مطابق عدالتی عملے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے قابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل ہوگئی، عدالتی عملے کے مطابق چوہدری زبیر نامی شخص نے چیئرمین پی ٹی آئی کے 20 ہزار روپے ضمانتی مچلکے جمع کروائے،چیئرمین پی ٹی آئی کی 23مارچ، 29مارچ، 28اپریل اور 25مئی کو درخواست استثنا مسترد ہوئی۔

فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو آج حاضری سے استثنا دینے کاگرائونڈ موجود نہیں تھانہ مارگلہ کی درخواست ضمانت کے لئے چیف کمشنر نے عدالت جوڈیشل کمپلیکس منتقل کی،فیصلہ کے مطابق وکیل ملزم کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی تسلی بخش سکیورٹی کے تحت ٹرائل کورٹ آنے کوتیارہیں، چیئرمین پی ٹی آئی جوڈیشل کمپلیکس بھی پیش ہوئے۔

عدالتی فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی سکیورٹی سے چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹرائل کورٹ پیشی کےلیے سکیورٹی رپورٹ طلب کرنا ضروری ہے،ایس ایس پی سکیورٹی کو کچہری میں سکیورٹی کی رپورٹ جمع کروانے پر نوٹس جاری کیاجاتاہے۔

فیصلے کے مطابق نہ چیئرمین پی ٹی آئی اور نہ ان کے مچلکے جمع کروانے والا شخص چوہدری زبیر عدالت پیش ہوا۔ فیصلے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور مچلکے جمع کروانے والا شخص 6 جولائی کو عدالت ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔