پی ایس ڈی پی میں اطلاعات و نشریات ڈویژن کے جاری ونئے منصوبوں کے لئے 2 ارب روپے مختص

143

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):آئندہ مالی سال کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام پی ایس ڈی پی میں اطلاعات و نشریات ڈویژن کے منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 2 ارب روپے مختص کئے گئے جس میں جاری اسکیموں کے لئے ایک ارب 54 کروڑ 53 لاکھ 50 ہزار روپے اور نئی سکیموں کے لئے 45 کروڑ 46 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم شامل ہے۔

جمعہ کو جاری ہونے والے پی ایس ڈی پی 24 ۔ 2023 کے مطابق بجٹ میں وزارت اطلاعات و نشریات کی جاری سکیموں اسٹیبلشمنٹ آف پاکستان انفارمیشن سینٹر (پی آئی سی) فیز ون کے لئے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے، سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ (اسلام آباد) ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا پبلی کیشنز کے لئے 44 کروڑ 85 لاکھ روپے، قائداعظم محمد علی جناح کی 1906ءسے 1948ءتک تقاریر کی اشاعت کے منصوبے کے لئے 3 کروڑ 25 لاکھ 30 ہزار روپے،

پی آئی ڈی میڈیا سیل ٹو سی وی ای پائلٹ پراجیکٹ (اسلام آباد) پی آئی ڈی کے قیام کے لئے 4 کروڑ روپے، نیشنل انفارمیشن میڈیا آرکائیو ریپازٹری (اسلام آباد۔لاہور سائبر ونگ) کے لئے 37 کروڑ 94 لاکھ 12 ہزار روپے، خیرپور (سندھ) میں میڈیا ویو سروسز کی بحالی کے لئے 20 کروڑ 90 لاکھ 69 ہزار روپے، سینٹرل بورڈ آف فلم سینسرز (اسلام آباد) کی اپ گریڈیشن کے لئے 4 کروڑ 81 لاکھ 41 ہزار روپے،

پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن میں سٹوڈیوز اور ماسٹر کنٹرول رومز کی اپ گریڈیشن کے لئے 15 کروڑ 49 لاکھ 45 ہزار روپے اور پی ٹی وی اکیڈمی ایچ نائن اسلام آباد میں نیشنل فلم پروڈکشن انسٹیٹیوٹ کے قیام کے لئے 20 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی نئی سکیموں کے لئے پی ایس ڈی پی 24 ۔ 2023 میں چین کی گرانٹ ان ایڈ کے ذریعے پی ٹی وی کے ڈی ٹی ایم بی کی ٹیرسٹیریل ڈیجیٹلائزیشن کے لئے 5 کروڑ 46 لاکھ 50 ہزار روپے، ایچ پی ٹی روات کی اپ گریڈیشن، 1000 کے وی ۔ ڈی آر ایم کی تنصیب کے لئے 40 کروڑ روپے مختص کئے گئے۔