پی ایس ڈی پی کے تحت پاور ڈویژن کی 37 جاری ، 7 نئی اسکیموں کے لئے 31911.387 ملین روپے مختص

78
PSDP

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 24-2023 کے وفاقی بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی)کے تحت پاور ڈویژن کی 37 جاری اور 7 نئی اسکیموں کے لئے مجموعی طور پر 31911.387 ملین روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پی ایس ڈی پی دستاویز کے مطابق 37 جاری سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 26570.387 ملین روپے جبکہ نئی سکیموں کیلئے 5341 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ 37 جاری سکیموں میں سے صرف ایک سکیم کول فائرڈ پاور پروجیکٹ جنکو ۔1 جامشورو جس کے لئے مجموعی طور پر 12000 ملین روپے مختص کئے ہیں جس میں سے غیر ملکی 3000 ملین کی امداد شامل ہے جس کو ایکنک نے 2014 میں منظور کیا تھا ۔

 

ان میں سے 36 جاری سکیموں جبکہ نئی سکیموں میں کسی قسم کی غیر ملکی امداد شامل نہیں ہے۔ پاور ڈویژن کی طرف سے بڑی جاری سکیموں میں سے بسیمہ میں پنجگور گرڈ اسٹیشن سے ناگ گرڈ اسٹیشن (کیسکو) کے ذریعےالگ مکران نیٹ ورک کے انٹر کنکشن کے لئے 2536.471 ملین روپے مختص کئے ہیں۔ باقی بڑی اسکیموں میں 220/132 کے وی سب اسٹیشن دھابیجی کے لئے 1439 ملین روپے، 220 کے وی ہری پور سب اسٹیشن کے لئے1600 ملین روپے ، 220 کے وی صوابی سب سٹیشن کیلئے 1600 ملین روپے ، 500 کے وی علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کیلئے 1200 ملین روپے،

خیبر اور بنوں سرکل کی اے بی سی کیبل کیلئے 1060 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اسی طرح نئی سکیموں کیلئے ضلع لیہ کی تحصیل چوبارہ میں شیر گڑھ کے مقام پر 1200 میگاواٹ سولر پاور پلانٹ کی تنصیب کیلئے زمین کی خریداری کے سلسلہ میں 2658ملین روپے جبکہ ضلع جھنگ کی تحصیل 18 ہزاری میں 600 میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ کی زمین خریداری کیلئے 1133 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔