پاک بحریہ کے بحری جہاز ٹیپو سلطان کی انڈونیشیا میں کثیرالقومی مشق کوموڈو۔23 میں شرکت

96

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):پاک بحریہ کے بحری جہاز(پی این ایس) ٹیپو سلطان نے کثیر القومی مشق کوموڈو۔23 میں شرکت کے لیے انڈونیشیا کی بندرگاہ مکاسر کا دورہ کیا۔ پاک بحریہ کے جہازکے دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، باہمی تعاون کو بڑھانا اور پاکستان اور انڈونیشیا کی بحریہ کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ پاک بحریہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق مکاسر پہنچنے پر انڈونیشیا کی بحریہ کے حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔

انڈونیشیا کے حکام سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ بحری تعاون اور علاقائی امن اور میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک بحریہ کے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی طرف سے انڈونیشیا کے عوام اور بالخصوص میزبان بحریہ کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ بعد ازاں پی این ایس ٹیپو سلطان نے مکاسر میں بین الاقوامی فلیٹ ریویو میں شرکت کی جس کا مشاہدہ انڈونیشیا کی قومی مسلح افواج کے کمانڈر نے کیا۔

اس کے ساتھ ساتھ جہاز کے افسران اور عملے نے مختلف کانفرنسوں، سیمینارز، نالج شیئرنگ سیشنز اور سماجی بہبود کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ بندرگاہ کی سرگرمیوں کی تکمیل کے بعد، جہاز نے آسٹریلیا، برونائی، چین، اٹلی، جاپان، ملائیشیا، فلپائن، روس، سنگاپور، تھائی لینڈ، امریکہ اور ویتنام کے جہازوں کے ساتھ سمندر میں تلاش اور بچائو ( ایس اے آر) اور میری ٹائم انٹرڈکشن آپریشنز مشقوں میں حصہ لیا۔

پی این ایس ٹیپو سلطان کے انڈونیشیا کے دورے نے مختلف بحری ممالک کے درمیان بحری تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا تاکہ باہمی تعاون کو بہتر بنایا جا سکے اور انڈونیشیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور موجودہ دوستی کے بندھن کو مضبوط کیا جا سکے۔