
اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی، طوفان اور ژالہ باری کے باعث جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نقصانات کی اطلاع کے فوراً بعد وزیراعظم کے مشیر نے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا اور متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انجینئر امیر مقام نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور اس مشکل وقت میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابل تلافی نقصان صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔