معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کا متوازن اور عوام دوست بجٹ کا خیر مقدم

69
معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کا متوازن اور عوام دوست بجٹ کا خیر مقدم

سرگودھا ۔11جون (اے پی پی):معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد پروفیسرز، طلباء، صحافیوں اورعام شہریوں نے وفاقی حکومت کے مالی سال 24-2023ء کے بجٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے متوازن اور عوام دوست بجٹ قرار دیا اور اُمید ظاہر کی کہ اس سے عوام کے معیارِ زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔اسی سلسلہ میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے اسسٹنٹ پروفیسر شاہد ملک نے ترقیاتی منصوبوں اور توانائی کے شعبے میں خطیر رقم مختص کرنے پر حکومت کی تعریف کی جس سے ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔

اُنہوں نے کہا کہ بجٹ سرکاری ملازمین کے لیے بھی فائدہ مند ہے کیونکہ تنخواہوں میں 30 سے 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اسی ضمن میں ایک اور شہری اظہر حسین نے بجٹ کو متوازن اور عوام دوست قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، توانائی اور زراعت کے لیے خطیر رقم مختص کرنا قابل ِتعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک زرعی ملک ہونے کے ناطے کسانوں کو کھادوں اور بیجوں پر رعایتیں دی جائیں گی۔محمد حامد نے کہا کہ حکومت نے محدود وسائل میں قابل ِتعریف بجٹ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں پر توجہ مرکوز کی اور مزید کہا کہ مسافروں کو آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے شاہراہوں اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کے لیے ایک بڑی رقم مختص کی گئی ہے۔ایک شہری حسن محمود ڈُھڈی نے کہا کہ حکومت نے عوام دوست اور عوام کی اُمنگوں کے مطابق بجٹ پیش کیا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور یوتھ پروگرام کے لیے مختص بڑی رقم سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

صحافی برادری سے تعلق رکھنے والے تنویر احمد نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی نگرانی میں حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جس میں ملک کے غریب اور متوسط طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا ہے جوکہ عوام دوستی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔