عوامی منصوبوں کا افتتاح اب وزیر یا سیکرٹری کی بجائے عوام کریں گے ،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

144

کوئٹہ۔11جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ انہوں نے کچھ عرصہ پہلے ہی بم اور بلٹ پروف گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی جسکے بعد انہوں نے سی ایم سیکریٹریٹ کی بم اور بلٹ پروف گاڑیوں کا استعمال نہیں کیا۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وہ اس پاک ذات اور اسکی قدرت پر کامل یقین رکھتے ہیں جس نے ہمیں پیدا کیا اور ہم نے لوٹ کر اسکے پاس ہی جانا ہے اور وہی ہماری جانوں کا محافظ ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو ہمارا خالق و مالک ہے وہی ہماری حفاظت کا زمہ دار بھی ہے اس لئے ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنی حفاظت کے لئےبم پروف گاڑیاں تو لیتے ہیں اور اپنی صحت کے لئے منرل واٹر بھی پیتے ہیں ہمیں سوچنا چاہے کہ منرل واٹر صحت دیتا ہے یا وہ پاک زات شفا دیتی ہے جو ہر چیز پر قادر ہے وزیراعلیٰ نے فور ی طور پر وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں منرل واٹر کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئےکہا ہے کہ وہُ خود بھی عام پانی استعمال کر رہے ہیں اور مہمانوں کو بھی عام پانی ہی پیش کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کے لئے یہ ہدایت بھی جاری کر دی ہیں کہ کوئی بھی وزیر یا سیکرٹری کسی سرکاری منصوبے کا افتتاح نہیں کریگا بلکہ عوامی منصوبوں کا افتتاح اب عوام کرینگے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکول ہو یا کالج، ہسپتال ہو یا کھیل کا میدان، ہیلتھ کارڈ ہو یا گرین بس کا منصوبہ یہ سب عوام کے اپنے پیسے ہیں تو اس کا کریڈٹ لینے یا دینے کیلئے افتتاحی تقاریب پر وسائل ضائع کرنے کی بجائے سکول کا افتتاح سرکاری اداروں میں زیرِ تعلیم بچوں، اسپتال کا افتتاح سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج غریب مریضوں اور گرین بس سروس کا افتتاح پبلک ٹرانسپورٹ میں دھکے کھانے والی بہن بیٹیوں سے کروایا جائے گاانہوں نے کہا کہ یہ عوام کا پیسہ ہے اور عوام کو ہی کریڈٹ جائے۔ ہمارا کام انکے پیسے کا صحیح استعمال کرنا ہے۔