پاکستان اور چین کے درمیان گہرے، تاریخی اور دوطرفہ تعلقات خوش آئند ہیں، اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت ہے، وفاقی وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈارکی چینی ناظم الامورسے ملاقات میں گفتگو

135

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے پاکستان اور چین کے درمیان گہرے، تاریخی اور دوطرفہ تعلقات کوخوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ چین مختلف شعبوں میں پاکستان کو معاونت فراہم کررہاہے۔ انہوں نے یہ بات پیرکویہاں پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کی ناظم الامورپانگ چن ژو سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خزانہ نے چینی ناظم الامور کا وقفے کے بعد دوبارہ پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پرخیرمقدم کیا اوران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان اور چین کے درمیان گہرے، تاریخی اور دوطرفہ تعلقات کو سراہا اورمختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے چین کی حمایت کی تعریف کی ۔ انہوں نے اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ نے چینی ناظم الامور کو 9ویں جائزے کی تکمیل پر آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔

انہوں نے مشکل معاشی حالات کے باوجود موجودہ حکومت کی جانب سے نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے اقدامات اوران شعبہ جات کی جانب سے مثبت ردعمل سے بھی آگاہ کیا۔چین کی ناظم الامور نے گرمجوشی کے جذبات کا اظہارکیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے چینی حکومت کی جانب سے پاکستانی عوام کو مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔

ملاقات میں فریقین نے موجودہ تعاون کو بے مثال سطح تک بڑھانے کے لیے دستیاب مختلف طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے چینی قیادت کی جانب سے پاکستان کو ملنے والی حمایت اور تعاون پرناظم الامور کا شکریہ ادا کیا۔