اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے)کا 8 رکنی سکیورٹی وفد دورہ پاکستان کے دوسرے مرحلے میں لاہور پہنچ گیا ، جس کی قیادت لیڈ انسپکٹر محمد العجمی کر رہے ہیں۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ (ریگولیٹری) اور لاہور ایئرپورٹ انتظامیہ نے وفد کا استقبال کیا۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ سعودی وفد کو تمام ہوائی اڈوں پر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ وفد کو ایئرپورٹ اور حفاظتی اقدامات بارے بریفنگ دی گئی ہے۔
جی اے سی اے سکیورٹی اسسٹنٹ ٹیم اے ایس ایف، ایئرلائینز، گرائونڈ ہینڈلنگ ایجنسیز کی جانب سے کئے گئے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لے گی۔ سعودی سکیورٹی ٹیم کارگو ایجنٹس اور کیٹرنگ سمیت سکیورٹی سروس فراہم کرنے والے اہلکاروں کے حفاظتی انتظامات کی افادیت کا بھی جائزہ لے گی۔
سعودی سکیورٹی وفد دوسرے مرحلے میں سیالکوٹ اور ملتان کے ہوائی اڈوں کا بھی معائنہ کرے گی۔ تیسرے مرحلے میں اسلام آباد اور پشاور کے ہوائی اڈوں پر سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا جائے گا۔