انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کے 73 ویں ایڈیشن کا آغاز(کل) پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا

209
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کے 73 ویں ایڈیشن کا آغاز(کل) پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا

برمنگھم۔15جون (اے پی پی):انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کے 73 ویں ایڈیشن کا اغاز کل(جمعہ سے) انگلینڈ میں ہوگا۔ پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان 16 جون سے ایجبسٹن ،برمنگھم میں شروع ہوگا ۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)کے مطابق مینز ایشز سیریز کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

مینز ایشز سیریز کے شیڈول کے مطابق پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل جمعہ سے ایجبسٹن ،برمنگھم ، دوسرا ٹیسٹ 28 جون سے 2 جولائی تک لارڈز ،لندن،تیسرا میچ 6 سے 10 جولائی ہیڈنگلے ،لیڈز،چوتھا ٹیسٹ میچ 19 سے 23 جولائی تک ایمرٹس اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر جبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 27 سے 31 جولائی تک اوول ،لندن کے میدان میں کھیلا جائے گا۔ یہ وہی پانچ مقامات ہیں جنہوں نے 2019کی ایشیز سیریز کی میزبانی کی ہے۔

ای سی بی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل جون 2023میں اوول کے میدان میں ہوگا جبکہ 2025کے فائنل کی میزبانی لارڈز کے تاریخی میدان کو ملے گی۔ ویمنز ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ رواں سال 22 جون کو ٹرینٹ برج میں ہوگا۔

اس کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلیں گے۔ ایجبسٹن، لارڈز اور اوول میں پہلی مرتبہ ویمنز ایشیز ٹی 20انٹرنیشنل کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 72 ایشز سیریز ہوچکی ہیں جن میں سے 34 میں آسٹریلیا نے فتح حاصل کی جبکہ 32 سیریز انگلینڈ کے نام رہیں ۔6 ایشز سیریز بے نتیجہ رہیں۔یہ سیریز مجموعی طور پر 73ویں ایشز سیریز اور انگلینڈ میں ہونے والی 37ویں سیریز ہوگی۔آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ ایشز سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم کو 0-4 سے شکست دی تھی۔واضح رہے کہ 2023اور2025 کی ایشز سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گی۔