پاکستان اور یورپی یونین کا پارلیمانی تعاون بڑھانے پر اتفاق، وزیر مملکت حنا ربانی کھر کی یورپی یونین کے عہدیداران سے ملاقاتیں

177
پاکستان اور یورپی یونین کا پارلیمانی تعاون بڑھانے پر اتفاق، وزیر مملکت حنا ربانی کھر کی یورپی یونین کے عہدیداران سے ملاقاتیں

برسلز۔15جون (اے پی پی):پاکستان اور یورپی یونین نے پارلیمانی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے،اس حوالے سے مفاہمت وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر اور یورپی یونین کے وفد برائے جنوبی ایشیا کے ممالک کے ساتھ تعلقات کی سربراہ نکولا پروکاسینی کے درمیان برسلز میں ملاقات کے دوران طے پائی۔

 

جمعرات کو دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے زور دیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں استحکام عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے،وزیرمملکت نے ٹریڈ مانیٹرنگ گروپ برائے جنوبی ایشیا کے نمائندے اور انسانی حقوق کی رکن سب کمیٹی کرا میکس کے ساتھ بھی نتیجہ خیز تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر اور نئے جی ایس پی پلس کے نمائندے ہیڈی ہائوتالاسے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے ایک موثر ذریعہ ہے۔ اس کاپاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت بالخصوص ملازمتوں کے مواقع ، برآمدات میں اضافہ اور جامع ترقی پر بہت زیادہ اثر پڑتا ہے۔

حنا ربانی کھر نے انٹرنیشنل ٹریڈ کمیٹی کے سربراہ برنڈ لینج سے بھی ملاقات کی اور آنے والی جی ایس پی پلس سکیم اور پاکستان کے موقف پر تبادلہ خیال کیا۔انسانی حقوق کی ذیلی کمیٹی کی وائس چیئر مین یورپی پارلیمنٹ برنارڈ گوئٹا سے ملاقات میں وزیر مملکت نے انہیں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا اور یوکرین میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے مستقبل میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔