اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات میکائل جبروف نے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا مقصد دو طرفہ تجارتی تعاون کو بڑھانا ہے۔وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے سرکاری دورے کے دوران آذربائیجان کے شہر باکو میں ہوئی۔
مفاہمت آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لئے ایک فریم ورک قائم کرتی ہے۔ اپنی دوستی اور اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے وزراء نے اس معاہدے کے ذریعے تجارت کو متنوع بنانے اور اقتصادی ترقی کو بڑھانے کے لئے اپنی لگن کا اظہار کیا۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک تجارتی معلومات کے تبادلے، تقریبات کے انعقاد، قابل برآمد مصنوعات کی شناخت کے لئے مطالعات کا انعقاد اور اقتصادی تعاون کو فروغ دے کر باہمی تجارت کے لئے سازگار حالات پیدا کرنے کے لئے تعاون کریں گے۔
اس مقصد کے لئے دونوں ممالک نے اگست 2023 کے اوائل تک ترجیحی تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لئے اپنی کوششوں کو متحرک کرنے پر اتفاق کیا۔انہوں نے ترجیحی تجارتی معاہدے کے ممکنہ فوائد پر زور دیا اور مفاہمت میں بیان کردہ مشترکہ اہداف کو حاصل کرنے کے لئے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کے اپنے عزم کی تصدیق کی۔ اس معاہدے پر دستخط آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان اقتصادی شراکت داری میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتے ہیں جس سے تجارتی اور اقتصادی تعاون میں اضافے کی بنیاد مضبوط ہو گی۔ دوطرفہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کی مجموعی ترقی اور خوشحالی میں تعاون ہوگا۔