حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

155

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔جمعرات کووزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 16جون سے 30جون تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں گیس اور تیل کی قیمتوں میں تھوڑا سا اضافہ ہوا ہے اور آج کئی اخبارات نے رپورٹ کیا کہ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے کا اضافہ اور پیٹرول کی قیمت میں چند پیسوں کی کمی ہو گی، میں حیران ہوں کہ میڈیا کو پتہ نہیں یہ خبریں کیسے ملیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اوگرا نے جو تجاویز دیں اس کے مطابق ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، جو آج کے اخبارات میں اضافہ رپورٹ ہوا تھا وہ اضافہ نہیں ہے۔