لندن۔16جون (اے پی پی):انگلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اینڈی مرے اے ٹی پی ناٹنگھم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ۔ 36 سالہ برطانوی کھلاڑی نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں فرانسیسی حریف کھلاڑی ہیوگو گرینیئر کو شکست دی۔
اے ٹی پی ناٹنگھم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ کے مشہور شہر ناٹنگھم میں جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کا موقع ملے گا۔انگلینڈ کے نامور ٹینس سٹار اور تین گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح اینڈی مرے نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں فرانسیسی حریف کھلاڑی ہیوگو گرینیئر کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 5-7 سے شکست دے کرکوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
اینڈی مرے کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کامیابی پر خوش ہیں ۔ناٹنگھم اوپن میں شرکت کا فائدہ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ضرور ہوگا۔ اینڈی مرے کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ حریف سوئس کھلاڑی ڈومینک سٹیفن سٹرکرسے ہوگا۔