گیارہ لاکھ سے زیادہ عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے

157
گیارہ لاکھ سے زیادہ عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے

مکہ مکرمہ۔18جون (اے پی پی):گیارہ لاکھ سے زیادہ عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ کے سیکرٹری محمد البیجاوی نے کہا ہے کہ مختلف ممالک سے اب تک11لاکھ سے زائد عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں۔ وزارت حج وعمرہ کے سیکرٹری نے مزید کہا کہ ’بری، بحری اور فضائی راستوں سے عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب بری راستے کے ذریعے سنیچر تک 25 ہزار سے زائد عازمین مملکت آئے جبکہ ان کی آمد کا سلسلہ آئندہ چند دنوں تک جاری رہے گا۔سیکرٹری حج وعمرہ نے کہا کہ مختلف ممالک سے براہ راست مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرآنے والے عازمین کی تعداد 6 لاکھ سے زیادہ ہے۔

گزشتہ روز جمعہ تک 7 لاکھ سے زائد عازمین مدینہ منورہ آئے جن میں سے بیشترمسجد نبوی کی زیارت کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے۔اس وقت مدینہ منورہ میں مجموعی طورپرایک لاکھ 47 ہزار عازمین موجود ہیں جبکہ ان کی آمد کا سلسلہ چند دن مزید جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اب تک فضائی اور بحری راستوں سے چھ لاکھ 61 ہزار 346 حج زائرین مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔