پاکستان امریکا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی امریکی سفیر سے ملاقات میں گفتگو

137

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات میں کہی۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کاخیرمقدم کرتے ہوئے امریکا کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں گہرے تاریخی اور پائیدار دو طرفہ تعلقات پرروشنی ڈالی۔

وزیر خزانہ نے مشکل معاشی صورتحال سے نمٹنے اور معیشت کو استحکام اور نمو کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ترجیحات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو قومی اور بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے مالیاتی گیپ کو کم کرنے کے لیے حکومت کے بجٹ اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔

وزیر خزانہ نے امریکی سفیرکو آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت اس پروگرام کو مکمل کرنے میں پرعزم ہے۔ امریکی سفیر نے معاشی استحکام اور عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے اپنی حمایت کااعادہ بھی کیا ۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کی جانب سے امریکا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔