اے این ایف کی انسداد منشیات کارروائیاں ، 74 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد، 9 ملزمان گرفتار

163

راولپنڈی۔22جون (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)نے7 انسداد منشیات کارروائیوں کے دوران 74 کلوگرام سے زائد منشیات برآمدکر کے 9 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق اے این ایف نے تازہ کارروائیوں کے دوران سیکٹر آئی ٹین اسلام آباد میں ٹیوٹا کرولا کار سے 3 کلو 600 گرام چرس برآمدکر لی۔دوران کارروائی کوہاٹ کا رہائشی ملزم گرفتارکیا گیا۔

ہکلہ ریسٹ ایریا میں خیبر کے رہائشی کار سوار دو ملزمان کے قبضے سے 140 نشہ آور گولیاں برآمدکی گئیں۔ڈی ایچ اے کراچی میں آلٹو کار اور موٹرسائیکل میں چھپائی گئی 20 کلوگرام چرس برآمدکی گئی۔دوران کارروائی کراچی اور وزیرستان کے رہائشی 4 ملزمان موقع پر گرفتارکیے گئے ۔شکار پور روڈ سکھر پر بلوچستان کے رہائشی ملزم سے 989 گرام آئس برآمد کی گئی۔

کراچی میں واقع کورنگی نمبر 5 کے قریب موٹرسائیکل سوار سے10 کلو چرس اور 250 گرام آئس برآمد ہوئی۔بلوچستان کے علاقے پسنی کے غیرآباد مقام پر چھپائی گئی 35 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ۔برآمدشدہ منشیات بیرون ملک سمگل کرنے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی۔

خیبر کے علاقے زخہ خیل کے غیرآباد مقام پر سمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 3 کلو 500 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔