اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
اس دوران دوطرفہ معاملات، اسمبلی کارروائی، وزارت آئی ٹی کی کارکردگی سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے ڈپٹی سپیکر کو گذشتہ 5 برس میں ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے منصوبوں اور آئی ٹی و ٹیلی کام انڈسٹری کے فروغ کیلئے کیئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انھوں نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا کہ ٹیکسیشن اور دیگر معاملات پر وزیر اعظم کی خصوصی دلچسپی کے باعث آئی ٹی انڈسٹری کا اعتماد بحال ہورہا ہے۔ نتیجے میں مئی 2023 میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں ریکارڈ 28 فیصد اضافہ ہوا ہے جو ایک خوش آئند امر ہے۔
کوئی شک نہیں کہ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کیلئے وزارت آئی ٹی کی سفارشات پر اگر مکمل عملدرآمد ہوجائے تویہ انڈسٹری پاکستان کی معیشت کے استحکام اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کیلئے بنیادی کردار ادا کرسکتی ہے۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے سید امین الحق کی قیادت میں وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر دوسرا شخص آئی ٹی کی بات کرتا ہے، فری لانسنگ، ای کامرس سمیت انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہورہےہیں۔
یہ کارکردگی وزیر آئی ٹی اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔