بلوچستان میں شہدا کے ساتھ اظہار یکجہتی اور سکیورٹی فورسز کی خدمات اور بہادری پر خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ریلیوں کا انعقاد

99

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):بلوچستان کے مختلف اضلاع میں جمعرات کو شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ملک کے لئے سکیورٹی فورسز کی خدمات اور بہادری پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے مختلف ریلیوں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔مقامی عمائدین پر مشتمل مقررین نے سکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا اور شہدا کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔اس موقع پر پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کے لئے بلوچستان بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

اسی طرح کی تقاریب ژوب، ہرنائی، موسیٰ خیل اور بارکھان میں بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقد کی گئیں۔بارکھان میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی اور ملک کی سلامتی و ترقی کے لئے دعا کی۔دریں اثناء بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

قلات، لورالائی اور سوراب کے اضلاع میں فٹ بال کے چھ میچ کھیلے گئے۔ ضلع سوراب اور زیارت میں کرکٹ کے دو میچ کھیلے گئے جنہیں 360 سے زائد افراد نے دیکھا۔پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کے لئے بلوچستان بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔زیارت میں میوزیکل نائٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں 200 سے زائد افراد نے شرکت کی۔