اسلام آباد۔ قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مینجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم نے اے پی پی کے ملازمین بالخصوص ادارتی عملے پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر توجہ مرکوز کریں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کی شام ” اے پی پی "ایمپلائز یونین کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے پر وقار استقبالیہ وعشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
محمد عاصم نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل جب انہوں نے ایم ڈی کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی تو ادارے کو مالیاتی و دیگر چیلنجز درپیش تھے ، انہوں نے ملازمین کے تعاون سے دیرینہ مسائل کو حل کیا ۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ادارے کے ملازمین محنت ، پیشہ وارانہ لگن اور متحد ہو کر مسائل کو حل اور ادارے کو ترقی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے تقاضوں کے تحت اے پی پی سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کو مزید مضبوط بنانا اور ادارہ کو مالی طور پر مستحکم کرنا ان کی ترجیح ہے تاکہ ملک کا اولین خبر رساں ادارہ صحافتی افق پر ایک کامیاب ادارہ بن کر اپنے ملازمین کے فائدے کے لیے مالی وسائل پیدا کر سکے۔ ایم ڈی اے پی پی نے ملازمین کی فلاح وبہبود اور خبر رساں ادارے کی حیثیت سے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے انتظامیہ کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اپنے اعزاز میں شاندار استقبالیہ کا اہتمام کرنے پر اے پی پی کے ملازمین اور یونین کا شکریہ ادا کیا۔
یونین رہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے ادارے کے 135 ملازمین کی ریگولرائزیشن ، ملازمین کی ترقیوں سمیت اے پی پی کے دیرینہ مسائل کے حل پر ایم ڈی محمد عاصم کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں اے پی پی کے ملازمین کی طرف سے ایم ڈی اے پی پی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ مہمانوں کو سرائیکی اجرک بھی پہنائی گئی ۔
اس موقع پر محفل قوالی بھی منعقد ہوئی ، عالمی شہرت یافتہ صوفی قوال استاد شبیہہ سین (سینیا گھرانہ ) کی خصوصی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا جبکہ سرائیکی جھومر اور لوک موسیقی نے حاضرین مجلس کو مسحور کر دیا۔ استقبالیہ میں اے پی پی کے سینئر افسران و ملازمین کے علاوہ جڑواں شہروں کے بعض سینئر صحافیوں اور صحافی برادری کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔