ہرارے۔26جون (اے پی پی):آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے اعصاب شکن مقابلے میں نیدرلینڈز نے ویسٹ انڈیز کو سپراوور میں شکست دے دی، ویسٹ انڈیز کے 375 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنا کر میچ کو ٹائی کردیا، سپر اوور میں نیدرلینڈز نے ویسٹ انڈیز کو فتح کیلئے 31 رنز کا ہدف دیا، ویسٹ انڈین ٹیم سپر اوور میں 8 رنز بنا پائی، نیدرلینڈز کے آل رائونڈر لوگان وان بیک کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پیر کو ہرارے میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر کے 18ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا،اوپنرز برینڈ کنگ اور جونسن چارلس نے 101 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کواچھا آغاز فراہم کیا، کنگ 76 اور چارلس 54 رنز بنا کر آ ئوٹ ہوئے، نکولس پوران نے 65 بالوں پر 104 رنز کی دھواں دار ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، کپتان شائے ہوف نے 47 اور کیمو پال نے 46 رنز کی اننگز کی۔ نیدرلینڈز کے بائولرز ثاقب ذوالفقار اور باس ڈی لیڈے نے دو دو، وان بیک اور کنگما نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز کے 375 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز نے تیجا نیدامانورو کی شاندار سنچری کی بدولت میچ کو ٹائی کردیا۔
نیدرلینڈز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنائے۔ تیجا نے 76 بالوں پر 111 رنز کی اننگز کھیلی، دیگر بیٹرز میں کپتان سکاٹ ایڈورڈز 67، وکرمجیت سنگھ 37، میکس اوڈوول 36، باس ڈی لیڈے 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈین بائولر روسٹن چیس نے تین جبکہ الزاری جوزف اور عقیل حسین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کا فیصلہ سپر اوورز میں کیا گیا جس میں نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 30 رنز بنائے۔ واک بیک نے سپر اوور کی تمام بالز پر بائونڈریز لگا کر ویسٹ انڈیز کو مشکل ہدف دیا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 31 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹوں کے نقصان پر صرف 8 رنز بنا پائی۔ اس فتح کے بعد نیدرلینڈز کی ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائر کے گروپ اے میں دوسری پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم تیسری پوزیشن پر چلی گئی۔ اس شکست کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کی آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کی امیدوں کو بڑادھچکا لگا ہے۔