حکومت وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔رانا تنویر حسین

174
Rana Tanveer Hussain

لاہور۔ 01 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے، ملک بھر میں میگا ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، مشکلات کے باوجود ہم نے ملک بھر میں سڑکوں کے جال بچھائے ، پاکستان کی مضبوطی کیلئے متحد ہوکر کام کرنا ہوگا،مسلم لیگ (ن)اگلے انتخابات میں جیت کر حکومت بنائے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز صوبائی دارالحکومت کے نواحی قصبہ نارنگ منڈی میں عید ملن پارٹی کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق ایم این اے ، سابق ایم پی اے حسان ریاض ، مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر ملک محمد یوسف، رانا عتیق سمیت مقامی سماجی و سیاسی شخصیات و شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ کالا شا کاکو سے نارنگ نارووال موٹروے کا منصوبہ بہت سے اہم ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہے، یہ منصوبہ علاقے کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھول دے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت مسلم لیگ (ن) کا منشور ہے، حکومت ہر شعبے میں بہتری لانے کی کوشش کر رہی ہے،ملک بھر میں میگا ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتوں نے بہت سے چیلنجوں کے باوجود سڑکوں کا جال بچھایا اور پاکستان میں سی پیک کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ موٹر ویز، جدید بس سروس، پانی اور پاور پلانٹس کی سہولیات مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے فراہم کیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے چار سال کے عرصے میں معیشت کو تباہ کیا تاہم اتحادی حکومت ہر شعبے میں بہتری لانے کی کوشش کر رہی ہے۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود حکومت تیزرفتار ترقی اور سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے جامع اصلاحات کے ذریعے عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کر رہی ہے ، مختلف ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، حکومت نے ملک میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول فراہم کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے مختلف پروگراموں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لئے پرعزم ہے،عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے،حکومت کی مخلصانہ اور سنجیدہ کاوشوں سے انشا اللہ ملک جلد بحرانوں سے نکلے گا-انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو پہلے سے زیادہ استحکام کی ضرورت ہے، ہمیں پاکستان کی مضبوطی کیلئے متحد ہوکر کام کرنا ہوگا، سیاسی جماعتیں اپنے اپنے منشور کے تحت سیاست کریں مگر پاکستان کا استحکام، وقار مقدم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک سال سے جو واقعات ہوئے پاکستان اس کا متحمل نہیں تھا، ایک انتشار پسند ٹولے اور اس کی قیادت نے پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کیا، پی ٹی آئی نے نفرت کی سیاست کو فروغ دیا اور جس طرح 9مئی کو شہدا کی بے حرمتی کی گئی اس کی مثال نہیں ملتی، جن شہدا کی بہادری کو دنیا مانتی ہے ان کی بے حرمتی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کر سکے ، قوم آج غداروں کو پہچان چکی اور اس نے سازشی ٹولے کو مسترد کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان قائم رہنے کے لیے بنا ہے اور انشا اللہ تاقیامت قائم رہے گا ،حکومت کی مخلصانہ کوششوں سے حالات بہتر ہو رہے ہیں، سابق حکومت کی پالیسیوں سے دوست ممالک بھی ہمیں چھوڑ چکے تھے وہ آج پھر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہو چکے ہیں ، معاشی معاملات جلد بہتر ہو جائیں گے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو قائد مسلم لیگ ن کا نعرہ تھا ہے اور رہے گا، آئین میں تمام اداروں کی حدود اور کردار کا تعین ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ محمد نواز شریف وطن عزیز کیلئے امن اور ترقی کی علامت تھے اور انکی وطن واپسی کا پاکستانی عوام شدت سے انتظار کررہے ہیں۔انہوں نے عام انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں ہم اپنے ایجنڈے اور منشور کے تحت حصہ لیں گے، مسلم لیگ ن آئندہ عام انتخابات میں جیت کر حکومت بنائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ توڑ پھوڑ کی سیاست سے معیشت کو ہونے والے نقصان کی محنت سے کام کر کے تلافی کریں گے،

وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے تحت سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صوبوں کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پراستوار کرنے کیلئے حقیقت پسندانہ ترجیحات طے کرکے آگے بڑھ رہے ہیں۔وفاقی وزیرنے کہا کہ کالا شاکاکو سے نارنگ’نارووال تک موٹروے کا منصوبہ کی منظوری بڑی کامیابی ہے ، یہ منصوبہ علاقے کے مکینوں کے لیے ترقی و خوشحالی لائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے موٹروے منصوبہ کی جلد ازجلد تکمیل کے لیے فنڈ کی فراہمی کے سلسلے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات بھی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں وزیراعظم نے فنڈز کی فراہمی کا بھرپور یقین دلایا ہے۔اس موقع پر اہلیان علاقہ نے نارنگ منڈی میں فائر بریگیڈ سمیت موٹروے کے منصوبوںکا تحفہ دینے پر وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین سے کا شکریہ ادا کیا۔