اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):پاکستانی کرکٹرز کی انگلش ٹی ٹونٹی وائٹیلٹی بلاسٹ میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، قومی سٹار کرکٹرز شاداب خان، شاہین آفریدی اور زمان خان اپنی شاندار پرفارمنس کی بدولت ٹورنامنٹ میں نمایاں رہے۔ ٹی ٹونٹی وائٹیلٹی بلاسٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ڈربی شائر کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بائولر زمان خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 میچوں میں 8.28 کے اکانومی ریٹ سے 22 وکٹیں حاصل کرکے اب تک ٹورنامنٹ کے دوسرے کامیاب ترین بائولر ہیں۔
ناٹنگھم شائر کی طرف سے کھیلنے والے قومی ٹیم کے سٹار فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی بھی شاندار رہی، شاہین نے 14 میچوں میں 8.40 کی اوسط سے 22 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ شاہین نے میچ کے پہلے اوور میں 4 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ بھی سرانجام دیا، وہ ٹورنامنٹ کے پانچویں کامیاب ترین بائولر ہیں۔
سسیکس کے آل رائونڈر شاداب خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 میچوں میں دو نصف سنچریوں کی بدولت 240 رنز بنائے ہیں جبکہ 12 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔ ڈربی شائر کے اہم بلے باز حیدر علی نے 137.86 کے سٹرائیک ریٹ سے 335 رنز سکور کئے جن میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں تاہم یارکشائر کے کپتان شان مسعود قابل ذکر پرفارمنس نہ دکھا سکے،انہوں نے 11 میچوں میں 189 رنز بنائے۔
وورسٹر شائر کے اسامہ میر نے 10 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔ لیسسٹرشائر کے نسیم شاہ نے پانچ میچوں میں 4وکٹیں، گلوسٹرشائر کے سپنر ظفرگوہر نے ٹورنامنٹ میں 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حال ہی میں نوٹنگھم شائر کی نمائندگی کرنے والے عماد وسیم نے دو میچوں میں دو وکٹیں حاصل کیں۔ واروکشائر کے حسن علی نے پانچ میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔ وائٹیلٹی بلاسٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ 6 جولائی سے شروع ہوگا۔