ہسپانوی ٹینس سٹار ،ٹاپ سیڈ کارلوس الکاراز ومبلڈن اوپن ٹینس مینز سنگلز کے دوسرے رائونڈ میں داخل

141
French Open Tennis Men's Doubles
French Open Tennis Men's Doubles

لندن۔5جولائی (اے پی پی): سپین کے شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈ کارلوس الکاراز ومبلڈن اوپن ٹینس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے ۔ 20 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار نے مینز سنگلز کے ابتدائی رائونڈ میں فرانسیسی حریف کھلاڑی جریمی چارڈے کو شکست دے کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔

سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

ایک بار یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فاتح ،سپین کے کارلوس الکاراز نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے پہلے رائونڈ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے فرانس کے حریف کھلاڑی جریمی چارڈے کو سٹریٹ سیٹس میں 0-6،2-6 اور 5-7 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔عالمی نمبر ون کارلوس الکاراز نے حریف فرانسیسی کھلاڑی کو ایک گھنٹہ 53 منٹس میں شکست دے کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔