لندن۔6جولائی (اے پی پی):انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان جاری ویمنز ایشز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ 8 جولائی کو لارڈز، لندن میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کےدرمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔
آسٹریلوی خواتین ٹیم نے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں برطانوی ویمن ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے آسٹریلوی ویمن ٹیم کو 3 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
آسٹریلین ویمن ٹیم کی قیادت الیسیا ہیلی کر رہی ہیں جبکہ میزبان برطانوی خواتین ٹیم کو ہیتھر نائٹ لیڈ کر رہی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 8 جولائی کو لندن کے تاریخی گرائونڈ لارڈز میں کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹونٹی سیریز مکمل ہونے کے بعد تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 12 جولائی کو برسٹل ،دوسرا ون ڈے 16 جولائی کو سائوتھمپٹن جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 18 جولائی کو ٹائونٹن میں کھیلا جائے گا۔