پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی مذمت کے حوالے سے متفقہ قرارداد کی منظوری

138

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کی منظوری دی گئی ہے جس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ سویڈش حکومت مجرموں کے خلاف کارروائی کرے اور آئندہ ایسے واقعات کے سدباب کو یقینی بنائے ۔ قرارداد میں تمام متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں اور ریاستوں پر زور دیا گیا ہے کہ مذہبی کتب مقدس ہستیوں، عبادت گاہوں اور مذاہب کے پیروکاروں کی بے حرمتی کو جرم قرار دینے کے لیے قانون سازی کی جائے۔

جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ایوان سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے عمل کی شدید مذمت کرتا ہے۔یہ ایوان تمام مذاہب، عقائد اور ان کی مقدس کتابوں کے احترام پر یقین رکھتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ سویڈش حکام کی جانب سے مجرموں کے خلاف مناسب اقدامات کیے جائیں جن میں قانونی کارروائی شامل ہے جو صرف ان تک ان تک محدود نہ ہو بلکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مستقبل میں ایسی کوئی حرکت نہ ہو۔ یہ ایوان اس بات پر زور دیتا ہے کہ اسلامو فوبیا کے واقعات سے بھی اسی سنجیدگی سے نمٹا جائے جس طرح دوسرے مذاہب کے خلاف نفرت کا معاملہ ہے۔

یہ ایوان اس بات پر زور دیتا ہے کہ متعلقہ بین الاقوامی تنظیمیں اور ریاستیں مذاہب کی مقدس علامات بشمول مقدس کتب، مقدس ہستیوں، عبادت گاہوں اور پیروکاروں کی بے حرمتی کو جرم قرار دینے کے لیے قانون سازی کریں۔ یہ ایوان اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے سفارشات مرتب کرنے اور مستقبل کی اجتماعی حکمت عملی وضع کرنے کے لیے او آئی سی اجلاس کے انعقاد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کو سراہتا ہے ۔ یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ بین الاقوامی برادری بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مناسب اقدامات کرے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا کوئی بھی عمل مستقبل میں کبھی نہ ہو۔ پارلیمنٹ نے قرار داد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی ۔