ملک بھر کے پریس کلبوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے وزارت اطلاعات اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی ایبٹ آباد پریس کلب کے وفد سے گفتگو

125

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک بھر کے پریس کلبوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے وزارت اطلاعات اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔ یہ بات انہوں نے ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر راجہ ہارون اور سیکرٹری جنرل راجہ منیر کی قیادت میں صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی بھی موجود تھے۔ وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات کو درپیش مشکلات کے بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد پریس کلب کا شمار ملک کے اہم اور ذمہ دار پریس کلبز میں ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ایبٹ آباد پریس کلب میں فوری طور پر کمپیوٹر لیب اور سٹوڈیو کے قیام کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد پریس کلب کو اعلان کردہ گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے ایبٹ آباد پریس کلب کے لئے کمپیوٹر لیب، سٹوڈیو کے قیام اور گرانٹ کی فراہمی کے اعلان پر وفاقی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد کی صحافتی برادری محدود وسائل کے باوجود اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہی ہے۔ صحافیوں کے وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی کا شکریہ ادا کیا۔