تمام انبیا و رسل اور آسمانی کتابیں ہماری ریڈ لائن ہیں، یورپی یونین، اقوام متحدہ اور دنیا کے ممالک اس طرف توجہ دیں ، اس پر عالمی قانون سازی کی جائے، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

132

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی امور حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ تمام انبیاء و رسل اور آسمانی کتابیں ہماری ریڈ لائن ہیں، یورپی یونین، اقوام متحدہ اور دنیا کے ممالک اس طرف توجہ دیں اور اس پر عالمی قانون سازی کی جائے، یوم تقدیس قرآن پاک کے حوالے سے پر امن احتجاج کئے جائیں۔

جمعہ کو یہاں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آج نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں یوم تقدس قرآن کریم منایا جا رہا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ سویڈن میں حکومتی سرپرستی میں حکومت کی اجازت سے عید الاضحیٰ کے دن قرآن پاک کی بے حرمتی کر کے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ جس طرح کسی چرچ یا کسی اور مذہب کی عبادت گاہ، کسی آسمانی کتاب کو جلانا جائز نہیں ہے اسی طرح قرآن پاک کا جلایا جانا بھی جائز نہیں ہے، مسلمان تمام انبیاء کرام پر ایمان رکھتے ہیں اسی طرح اگر ہم حضرت عیسیٰ علیہ السلام یا کسی اور پیغمبر کو نہ مانیں تو ہم مسلمان نہیں ہو سکتے، ہم چاہتے ہیں کہ مسلمانوں کے مقدسات کا احترام کیا جائے، مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ کائنات عالم کے لئے رحمۃ اللعالمین بنا کر بھیجے جانے والے محمد عربی کی ناموس کا احترام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں قرآن پاک کے تقدس اور قرآن کریم کے احترام پر خطبات دیئے جائیں گے، سویڈن واقعہ کے خلاف بھرپور قراردادیں منظور ہوں گی، حکومتی سطح پر بھی اس کا اعلان کیا گیا ہے، سیاسی جماعتوں کی طرف سے بھی اس کا اعلان کیا گیا ہے، ہم اپیل کرتے ہیں کہ پوری قوم قرآن پاک لے کر نکلیں، آج کا دن وحدت، اتحاد، عظمت قرآن کا ہے، آج کا دن قرآن پاک پر اپنے ایمان کو ظاہر کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن سیاست دن نہیں ہے، اپنے ایجنڈوں کو پورا کرنے کا دن نہیں ہے، آج ہم سب کو مل کر ایک آواز بلند کرنی ہے کہ دنیا اسلاموفوبیا اور مقدسات کے حوالے سے عالمی قانون سازی کی طرف جائے اور اقوام متحدہ کی سطح پر یہ قانون سازی ہو کہ آسمانی کتب، انبیاء و رسل پر ہمارا ایمان ہے، ہم تمام انبیاء کے ماننے والے ہیں ،

اس لئے ہماری گزارش ہے کہ آج کے دن اپنی سیاسی، مذہبی، جماعتی، گروہی سرگرمیوں کو چھوڑ کر اللہ تعالی کے قرآن اور توحید کے لئے محمد عربیﷺ کی رسالت و ختم نبوت کے لئے پر امن احتجاج کا حصہ بنیں، ہم کو ایسا کام نہ کریں جس سے ہمارے دشمن کو موقع ملے کہ وہ دنیا کو کہے کہ یہ تو ایسے لوگ ہیں جو احتجاج بھی پر امن انداز میں نہیں کر سکتے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تمام املاک ہماری ہیں چاہے وہ سرکاری یا غیر سرکاری ہوں ان کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچنا چاہیے، اس لئے قرآن پاک ہمارے ہاتھ میں ہونا چاہیے، ہماری زبانوں پر تلاوت قرآن پاک اور درودشریف ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ کسی بھی صورت رسول اللہ ﷺکی ناموس اور قرآن کریم کی عظمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سیاسی، مذہبی جماعتیں جھنڈوں کے بغیر آئیں، قرآن پاک ساتھ لے کر آئیں اور احتجاج کو پر امن بنائیں، قومی و ملی وحدت کا پیغام دیں کہ کسی بھی صورت قرآن کریم کی توہین، رسول اللہ ﷺکی ناموس اور عقیدہ ختم نبوت کے حوالے توہین برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی مساجد سے یہ پیغام جانا چاہیے کہ اہانت رسول اللہ ﷺ، اہانت قرآن اور اہانت مقدسات کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمارا ایک ہی پیغام ہے کہ اللہ کی توحید، رسول اللہﷺ کی رسالت و ختم نبوت، اصحاب و اہل بیت کی عظمت و صداقت، قرآن کریم کی عظمت اور تقدس کے لئے ہم سب ایک ہیں، گزشتہ روز ہماری پارلیمان نے متفقہ قرارداد منظور کی گئی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس طرح کے واقعات ناقابل قبول ہیں،

یہ پوری قوم کی ترجمانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید رکھتے ہیں کہ یورپی یونین، اقوام متحدہ اور دنیا کے ممالک اس طرف توجہ دیں گے، اس پر عالمی قانون سازی ہو گی اور انشاء اللہ وہ دن آئے گا جس طرح اسلاموفوبیا کے حوالے سے 15 مارچ کا دن مقرر کیا گیا، اس میں بھی پاکستان کی بہت کاوشیں شامل ہیں بلکہ یہ قرارداد ہی پاکستان لے کر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی نے سعودی عرب کی دعوت پر ہنگامی اجلاس بلا کر اپنا اعلامیہ جاری کیا ہے، ہم اس کی تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام غیر مسلم بھائی اور تمام اقلیتوں نے ان واقعات کی بھرپور مذمت کی ہے اور وہ ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام انبیاء و رسل اور آسمانی کتابیں ہماری ریڈ لائن ہیں۔