آئی ایم ایف کی ٹیم پی ٹی آئی کو خاص طور پہ اس لئے مل رہی ہے کہ اب دوبارہ معیشت کے ساتھ کوئی کھیل نہ کھیلنا، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر بلال اظہر کیانی کا حماد اظہر کے ٹویٹ پر ردعمل

161

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ کیا، توڑا، خلاف ورزی کی، معاہدہ معطل کیا اور آئی ایم ایف سے ملاقات کا جشن صرف آپ جیسے سازشی اور جھوٹے ہی منا سکتے ہیں ،آئی ایم ایف کی ٹیم سب سیاسی جماعتوں کو مل رہی ہے اورکل پی پی پی کو مل چکی ہے ۔

حماد اظہر کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم پاکستان پی ٹی آئی کو خاص طور پہ اس لئے مل رہی ہے کہ اب دوبارہ معیشت کے ساتھ کوئی کھیل نہ کھیلنا، کوئی سازش نہ کرنا، کوئی خط نہ لکھنا ،آئی ایم ایف ٹیم اس لئے مل رہی ہے کہ کوئی اور سازش کر کے اب ملک کو ڈیفالٹ کی طرف نہ دھکیلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ا س کی نالائق ٹیم آج آئی ایم ایف پروگرام کے خلاف کوئی نئی سازش نہ کرے ،آئی ایم ایف وفد صرف آپ سے ہی نہیں بلکہ پاکستان کی تمام جماعتوں کو مل رہا ہے ،عمران خان کو آج آئی ایم ایف وفد کو بتانا چاہیے کہ خود معاہدہ کرکے اس کی خلاف ورزی کیوں کی تھی اور جان بوجھ کر ملک کو ڈیفالٹ کی طرف کیوں دھکیلا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج ملاقات میں آئی ایم ایف پروگرام کے خلاف کوئی نئی شرارت نہ کرنا، یہ ملک کے خلاف آپ کی ایک اور سازش ہوگی، بڑی مشکل سے پاکستان میں معاشی استحکام واپس آ رہا ہے، معاشی بحالی کی امید پھر پیدا ہوئی ہے ،ملک کو معاشی طورپر مضبوط ہونے دو، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت میں کمی لانے دو۔