سی پیک پاکستان کی ترقی کیلئے اہم منصوبہ ہے ، الیکشن کے بعدپورے مینڈیٹ کے ساتھ سی پیک کو صنعتی شعبے کے اندر ترقی دیں گے،وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال

100
پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ذر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہے،فائیو ایز معیشت کے تمام شعبوں میں بہتری لانے کے لئے بنیادی ڈھانچے کی حیثیت رکھتا ہے،احسن اقبال

نارووال۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرمنصوبہ بندی ،ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ وہ چین جارہے ہیں جہاں پر وہ سی پیک کی دسویں سالگرہ کے حوالے سے جے سی سی کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ہفتہ کو نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سی پیک کی 10سالہ کاکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جیسا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کیلئے ایک اہم منصوبہ ثابت ہوا ہے اس کو بھر پور انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد ہم پورے مینڈیٹ کے ساتھ سی پیک کو پوری قوت کے ساتھ صنعتی شعبے کے اندر ترقی دیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کے جتنے دشمن تھے اوروہ تمام کردار جنہوں نے 2017 میں سازش کے ذریعے انہیں نااہل کیا ،پاکستان کو سیاسی بحران میں دھکیلا آج انہی کرداروں سے اللہ تعالٰی نواز شریف کی بے گناہی کی گواہیاں دلوا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج ایک ایک کردار بول بول کر کہہ رہا ہے کہ نواز شریف کو ایک سازش کے تحت نااہل کیا گیا ہے، نواز شریف کی نااہلی کے نتیجے میں جو سیاسی بے یقینی پیدا ہوئی اس نے ترقی کے عمل کو تباہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے جو زیادتی ہوئی تھی اس کا ازالہ ہونے کا وقت قریب ہے،قوم 2023 میں پاکستان مسلم لیگ ن کو اسی طرح مینڈیٹ دے گی جس طرح 2013 میں دیا تھا تاکہ اسی طرح ملک کو دوبارہ ترقی کے راستے میں ڈالا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے بڑا چیلنج یہ ہے کہ پاکستان کے سیاسی استحکام کو کیسے برقرار رکھیں ، پاکستان کی معاشی بحالی کا عمل سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے ، اب کوئی پاکستان کے سیاسی استحکام میں پتھر نہیں پھینکے گا اور نہ ہی اپنے مقاصد، لالچ اور سیاسی ایجنڈےکے لئے بے یقینی پھیلانے کا موجب بنے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جس بحالی کے راستے پرگامزن ہے

اس کی حفاظت کرنا اکیلے حکومت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے، جوشخص ملک کے اندر سیاسی شرپسندی پیدا کرے ،پوری قوم کا فرض ہےکہ اس کامقابلہ کرے اوراس کا راستہ روکے۔احسن اقبال نے کہاکہ جو کھیل پاکستان کے ساتھ بار بار کھیلا جاتا ہے اس کو مزید برداشت نہیں کر سکتے ،2018 میں پاکستان ٹیک آف کے لئے تیار تھا ، سازش کرکے ایک اناڑی کو ملک پرمسلط کرکے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئینی مدت پوری ہونے کے بعد حکومت سے علیحدہ ہوں گے، نگران حکومت بنے گی ، الیکشن کمیشن آئینی مدت کے مطابق الیکشن کروائے گا ،آج اس بات کی ضرورت ہے کہ نئی منتخب حکومت 5 سال کا مینڈیٹ لیکر آئے اوراصلاحات پر عمل کر ے جس کی ملک کو ضرورت ہے۔