پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے بین الاقوامی ترقیاتی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کا گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو پر اعلیٰ سطحی فورم سے ورچوئل خطاب

159
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے بین الاقوامی ترقیاتی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف 2030 کے حصول کے لئے شراکت دار ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) پر پہلے اعلیٰ سطحی فورم سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو: "ایکو دی ڈویلپمنٹ ایجنڈا اور کال فار گلوبل ایکشن” کے موضوع کے تحت منعقدہ اس فورم کا انعقاد چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی (سی آئی ڈی سی اے) نے کیا۔ تقریب میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے پولٹ بیورو کے رکن اور سی پی سی کے خارجہ امور کمیشن کے جنرل آفس کے ڈائریکٹر وانگ یی، سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ چن گینگ اور چیئرمین سی آئی ڈی سی اے لو ژاؤہوئی نے شرکت کی۔ کئی ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے سرکردہ ماہرین اور ایگزیکٹوز نے بھی فورم میں شرکت کی۔

وزیر اعظم نے سماجی و اقتصادی ترقی، موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کو کم کرنے اور انسانیت کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے ترقی کے نئے محرکات کو بروئے کار لانے کے سلسلے میں ایک متفقہ عالمی رسپانس کے لئے بین الاقوامی ترقیاتی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف 2030 کے حصول کے لئے شراکت دار ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے جامع اور پائیدار عالمی ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے عالمی ترقیاتی اقدام شروع کرنے پر چین کی تعریف کی۔ جی ڈی آئی کے لئے پاکستان کی مضبوط حمایت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جی ڈی آئی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کے لئے چین کے ساتھ کثیر جہتی تعاون جاری رکھا جائے گا۔