خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جون کے دوران ماہانہ بنیادوں پر8.45 فیصد اضافہ

108

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جون کے دوران ماہانہ بنیادوں پر8.45 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جون 2023میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک بحرین، کویت، قطر، اوراومان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 271.9 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو مئی کے مقابلہ میں 8.45فیصدزیادہ ہے، مئی میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر کاحجم 250.7 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

گزشتہ مالی سال کے دوران خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر کاحجم 3.191 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو مالی سال 2022 کے مقابلہ میں 12 فیصدکم ہے، مالی سال 2022 میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.625 اب ڈالرکی ترسیلات زرملک ارسال کی تھیں۔گزشتہ مالی سال کے دوران سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں سالانہ بنیادوں پر13.6فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے جس کی بنیادی وجہ میزبان ممالک میں اقتصادی سست روی ہے۔