بیجنگ۔12جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ رواں سال پاک۔چین اقتصادی راہداری کے آغاز کی دسویں سالگرہ منائی جارہی ہے، پاک۔چین اقتصادی راہداری نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو تبدیل کرنے میں اہم کرادار ادا کیا۔
چائنا میڈیا گروپ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ خود پاک۔چین اقتصادی راہداری کی ترقی کے گواہ ہیں،10 سالوں میں حاصل کردہ ٹھوس نتائج نے پاکستان میں صنعت کاری ، جدیدیت اور باہمی روابط کے لئے بہتر بنیاد تعمیر کی ہے اور پاکستانی عوام کے لئے خوشحالی بھی لائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک وژن سے توانائی ، بنیادی تنصیبات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معاشی و معاشرتی ترقی سے وابستہ مختلف منصوبہ جات میں تبدیل ہوا جن کا حجم 25 ارب ڈالر سے زیادہ ہے،اس وقت سی پیک تعمیر کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جس کے تحت پاکستان کی صنعت کاری، ٹیکنالوجی ، زراعت سمیت شعبوں میں تعاون پر توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے پاکستان میں سرمایہ لگانے کے لئے چینی کاروباری اداروں کاخیرمقدم کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وسیع اور مضبوط تعاون کی بدولت دونوں ممالک کے تعلقات قریب سے قریب تر ہوتے جارہے ہیں۔