ایشز سیریز، انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 592 رنز پر آئوٹ، آسٹریلیا دوسری اننگز میں مشکلات کا شکار، اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 162 رنز درکار، 6 وکٹیں باقی

122
ایشز سیریز
ایشز سیریز، انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 592 رنز پر آئوٹ، آسٹریلیا دوسری اننگز میں مشکلات کا شکار، اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 162 رنز درکار، 6 وکٹیں باقی

مانچسٹر۔21جولائی (اے پی پی):ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 592 رنز بنا کر 275 رنز کی برتری حاصل کرلی، جونی بیرسٹوو 99 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنا لئے، آسٹریلیا کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 162 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔ جمعہ کو چوتھے ایشز ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے اپنے گزشتہ روز کے سکور 384 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ اننگز کا آغاز کیا، ہیری بروک 14 اور بین سٹوکس 24 رنز پر وکٹ پر موجود تھے،

دونوں بیٹرز نے سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور مجموعی سکور کو 437 تک پہنچا دیا، اس موقع پر کپتان بین سٹوکس 51 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے۔ انگلینڈ کے چھٹے آئوٹ ہونے والے بیٹر ہیری بروک 61 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد جونی بیرسٹوو نے سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم دوسرے اینڈ پر کوئی بیٹر ان کا ساتھ نہ دے سکا اور انگلش بیٹرز کی وکٹیں مسلسل گرنا شروع ہوگئیں، کرس ووکس صفر، مارک ووڈ 6، سٹورٹ براڈ 7 اور جیمز اینڈرسن 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ جونی بیرسٹوو ایک رنز کی دوری سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے، وہ 99 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

آسٹریلیا کے فاسٹ بائولر جوش ہیزل ووڈ نے 5 وکٹیں حاصل کیں، مچل سٹارک اور کیمرون گرین نے دو دو جبکہ پیٹ کمنز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، اس طرح انگلینڈ نے پہلی اننگز میں مجموعی طور پر 275 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنا لئے۔ اوپننگ جوڑی عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر ایک مرتبہ پھر بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے، وہ بالترتیب 18 اور 28 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی سٹیون سمتھ 17 اور چوتھے آئوٹ ہونے والے بیٹر ٹریوس ہیڈ صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مارنس لبوشین 44 اور مچل مارش ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ انگلش فاسٹ بائولر مارک ووڈ نے شاندار بائولنگ کرتے ہوئے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں، کرس ووکس بھی ایک کھلاڑی کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ اس طرح مانچسٹر ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے 4 کھلاڑی آئوٹ پر 113 رنز بنا لئے ہیں جبکہ اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے مزید 162 رنز درکار ہیں۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 317 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔