اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس صنعتی ترقی کی بے انتہا استعداد موجود ہے،نجی شعبہ کااس استعداد کو برؤئے کار لانے کیلئے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر ناخوش آئند ہے۔پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے آج شیخوپورہ کے قریب تین نئے صنعتی علاقو ں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔
پاکستان کے پاس صنعتی ترقی کی بے انتہا استعداد موجود ہے جس سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا، یہ انتہائی خوش آئند امر ہے کہ پاکستان کا نجی شعبہ آگے بڑھ رہا ہے اور اس استعداد کو برؤئے کار لانے کیلئے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے صنعت و تجارت کے کپتانوں کی مستقل مزاجی اور محنت کو داد دونگا، معاشی مشکلات کے باوجود وہ قومی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے آ رہے ہیں۔ اپنی گفتگو میں آج میں نے جدید ٹیکنالوجی اور برآمدات و صنعتی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کی ازسر نو بحالی کے پروگرام کے تحت ہم ان تمام منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کیلئے تمام سرکاری وسائل کو برؤئے کار لانے کے نظریے پر عمل پیرا ہیں۔