سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی چائنہ کی 14 ویں نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سے ورچوئل میٹنگ کے دوران گفتگو

203
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے مابین باہمی اعتماد و احترام اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں تعاون پر مبنی تاریخی دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں،سی پیک منصوبوں کی کامیابی سے تکمیل علاقائی امن اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا،انہوں نے سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سی پیک کے تمام منصوبوں کو شفافیت کے ساتھ بروقت مکمل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو چین کی 14 ویں نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین مسٹر ژاؤ لیجی سے ورچوئل میٹنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان کے ون چائنہ پالیسی کو جاری رکھنے کے عزم کی حمایت کا اعادہ کیا۔ مختلف فورمز پر حالیہ دو طرفہ ملاقاتوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے ایس سی او پارلیمانی فورم کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چین کی طرف سے اٹھائے گئے عالمی سیکورٹی اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔انہوں نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کے حوالے سے چین کے اصولی موقف کو سراہا۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین تاریخی دوستانہ تعلقات موجود ہیں جنہیں دوطرفہ رابطوں کو فروغ دے کر مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔انہوں دونوں دوست ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان قانون سازی کے تجربات کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائم پاک چین پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے وبائی مرض کوویڈ۔19 کے پھیلنے کے دوران چین کی جانب سے بروقت مدد کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے چین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر پارلیمانی ٹاسک فورس کی کنوینر رومینہ خورشید عالم اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ چین کی 14 ویں نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین مسٹر ژاؤ لیجی نے پاکستان کی طرف سے علاقائی اور عالمی فورم پر چینی موقف کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی سٹریٹجک حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہر گزرتے دن کے ساتھ دونوں دوست ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہونگے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پاک-چین بے مثال دوستی کی علامت ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سی پیک دونوں ممالک کی عوام کی فلاح و بہبود اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے زراعت کے شعبے میں بھی پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

انہوں نے برئے اعظم ایشیا ءمیں پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ چین علاقائی ترقی، امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی ہر شعبہ ہائے زندگی میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، ثقافتی، صنعتی، تجارتی اور عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔گڈ گورننس کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے اس سلسلے میں چین کی جانب سے ہر ممکن تعاون کو جاری رکھنے کا یقین دلایا۔