عالمی بینک اورایشیائی ترقیاتی بینک نے سیلاب کے منفی اثرات سے نمٹنے، ادائیگیوں میں توازن اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمدو پیشرفت میں اہم کرداراداکیا، وفاقی وزیرایاز صادق کا تقریب سے خطاب

74
Speaker National Assembly
Speaker National Assembly

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ عالمی بینک اورایشیائی ترقیاتی بینک نے گزشتہ سال آنیوالے تباہ کن سیلاب کے منفی اثرات سے نمٹنے، ادائیگیوں میں توازن اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمداور پیشرفت میں اہم کرداراداکیاہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں گزشتہ مالی سال کے دوران مختلف منصوبوں پرپیش رفت اورمالیاتی امورمیں وزارت اقتصادی امورکے افسران، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اوردیگرترقیاتی شراکت داروں کے کردارکو سراہنے کیلئے منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر نے شرکاء اورمہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اورترقیاتی شراکت داروں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے منفی اثرات سے نمٹنے، ادائیگیوں کے توازن کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد و پیشرفت کو بہتر بنانے میں پاکستان کی مجموعی طور پر مدد کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزارت اقتصادی امورکے افسران، عالمی بینک اورایشیائی ترقیاتی بینک کی مشترکہ اور مربوط کوششوں کی وجہ سے پاکستان مالی سال 2023 کے دوران 4.4 ارب امریکی ڈالر کی معاونت حاصل کرنے میں کامیاب رہا ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے عالمی اداروں کے ساتھ مل کر ایک قابل ذکر نظیر قائم کی ہے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

اقتصادی امورکے سکریٹری نے پاکستان کی ترقی کی ضروریات کو پورا کرنے خاص طور پر ہنگامی حالات کے دوران تعاون بڑھانے پر عالمی بینک اورایشیائی ترقیاتی بینک کی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن اورایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ینگ یی نے وزارت اقتصادی امور کی ٹیم کے انتھک محنت،عزم اورلگن کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی تعریف کی۔

وفاقی وزیر نے ایشیائی ترقیاتی بینک، عالمی بینک اور وزارت اقتصادی امور کے افسران واہلکاروں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔