ترکیہ کے نجی شعبے نے پاکستانی فرنیچر انڈسٹری کے ساتھ اشتراک، مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، میاں کاشف اشفاق

171
Mian Kashif Ashfaq

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ ترکیہ کے نجی شعبے نے پاکستانی فرنیچر انڈسٹری کے ساتھ اشتراک، مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

پی ایف سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میاں کاشف اشفاق ان دنوں ترکیہ کے دورے پر ہیں ، انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ بہتر تعاون اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے سے پاکستان کے فرنیچر کے شعبے کی ترقی پر مثبت اثر پڑ سکتا ہے جس سے ملک کو معاشی فوائد اور ترقی، اختراع اور مارکیٹ تک رسائی میں اضافے کی نئی راہیں تلاش کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے سے ٹیکنالوجی اور جدید مہارتوں تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے جس سے اس شعبے کی مجموعی مسابقت اور پیداواری صلاحیت کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتوں کے ذریعے پی ایف سی غیر ملکی کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہی ہے، اس میں پاکستان کی فرنیچر کی صنعت میں شراکت داری، مشترکہ منصوبے یا سرمایہ کاری شامل ہے۔

علاوہ ازیں اس طرح کی ملاقاتیں معلومات کے تبادلے، بزنس سٹریٹجی اور نئی منڈیوں تک رسائی میں بھی سہولت فراہم کر سکتی ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تعاون میں کاروباری شفافیت اور اخلاقیات کو برقرار رکھنا اور تمام سٹیک ہولڈرز کے باہمی فوائد کو یقینی بنانا ضروری ہے۔