
پشاور۔ 29 جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، تھاکوٹ بٹگرام ڈسٹرکٹ گرڈ پر کام جاری ہے، 132KV کا سٹیشن جلد شروع ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بٹگرام جھاگو (ویک اپ) موومنٹ کے وفد سے ملاقات میں کیا جس نے وزیراعظم کے مشیر کو لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کے علاوہ علاقے کے دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 600 ملین روپے کی لاگت سے 132 تھاکوٹ الائی گرڈ سٹیشن کا ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے اور اس پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔چھتر بٹگرام فیڈر کو دوبارہ چلانے کی منظوری دی گئی ہے اس کے علاوہ لوڈ شیڈنگ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے بات چیت کی جائے گی۔الائی ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل کے بعد خان کھوار سے ضلع بٹگرام کو بجلی فراہم کی جائے گی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ حکومت نے خیبرپختونخوا میں سابقہ حکومت کی جانب سے روکے گئے تمام منصوبوں پر کام تیز کر دیا ہے حکومت نے تمام شعبوں میں لوگوں کو ریلیف فراہم کیا ہے اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔امیر مقام نے کہا کہ پی ایم ایل این واحد جماعت ہے جس کے تحت ملک نے تیزی سے ترقی کی اور آئندہ انتخابات میں اقتدار میں آنے سے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔