ملک کے شمالی حصوں میں بارش کے باعث سیلاب، جی ایل او ایف کے خطرے کاالرٹ جاری،این ڈی ایم اے

131
NDMA
NDMA

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے اتوار کو جاری ایک ایڈوائزری میں پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر میں متوقع بارشوں کے باعث سیلاب اور گلیشیل لیک آؤٹبرسٹ فلڈ (جی ایل او ایف) کے خطرے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے ایڈوائزری میں اس بات پر زور دیا گیا کہ محکمہ موسمیات پاکستان کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر میں مزید بارش کا امکان ہے۔دریائے کابل کے معاون دریاؤں اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی طوفان میں 27 سے 30 جولائی تک سیلابی صورتحال متوقع ہے۔تونسہ، پنجند اور گدو بیراج پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ کی وجہ سے 30 جولائی کو اونچے اور سکھر بیراج پر 31 جولائی کو اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔

گلگت بلتستان کے دریائوں اور ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافے اور پہاڑی وادیوں میں گلیشئرز کے پگھلنے اور بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال کی بھی توقع ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ ممکنہ خطرات کے تدارک کے لیے عوام کو پیشگی اطلاع دی جائے اور حفاظتی اقدامات کی تشہیر کی جائے اور حساس علاقوں کی جانب ٹریفک کی منظم نگرانی کی جائےاور متعلقہ محکمے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مشینری کو تیار رکھیں۔ این ڈی ایم نے ہدائت کی ہے کہ متعلقہ محکمے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی نقل مکانی کے لیے بھی اقدامات کریں۔