چینی نائب وزیراعظم ہی لی فنگ تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

256
چینی نائب وزیراعظم ہی لی فنگ تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
چینی نائب وزیراعظم ہی لی فنگ تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):حکومت پاکستان کی دعوت پر صدر شی جن پنگ کے خصوصی ایلچی، چین کے نائب وزیراعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن ہی لی فنگ اتوار کو یہاں اسلام آباد پہنچ گئے۔ چین کے نائب وزیراعظم چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے تین روزہ دورے پر ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ایئرپورٹ پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فنگ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کریں گے۔ وہ سی پیک کی دہائی کی تقریبات کے موقع پر مہمان خصوصی بھی ہوں گے۔ہی لی فنگ نے چین کے بین الاقوامی اقتصادی تعلقات اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جن میں سے اقتصادی راہداری ،ون بیلٹ ون روڈ کااہم منصوبہ ہے۔

ترجمان کے مطابق انہوں نےنیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے چیئرمین کے طور پر سی پیک کے متعدد منصوبوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد میں اہم کردار ادا کیا۔ان کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح تبادلوں اور مذاکرات کا حصہ ہے۔ چینی نائب وزیر اعظم کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کی ہر آزمائش پر پوری اترنے والی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید وسعت دینے اورنئی راہیں تلاش کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔