لاہور۔30جولائی (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ اور امیر جمعیت علماءاسلام (ف) مولانا فضل الرحمن اور وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود سے ٹیلی فون کرکے خار میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکے پر افسوس اور تعزیت کی ہے ۔اتوار کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ دھماکے سے قیمتی جانی نقصان پر دلی افسوس ہے، آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجرموں کو قرار واقعی سزا ملے گی، دہشت گردی کاخاتمہ پوری قوم کا عہد ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے، وزیراعظم نے شہداءکے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لئے صبرجمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔
وزیراعظم شہبازشریف نےچیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس خیبرپختونخوا سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی اور دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے شدید زخمیوں کی ہیلی کاپٹر ز کے ذریعے دیگر ہسپتالوں میں منتقلی کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات اور ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لینے کی بھی ہدایت کی ۔