چیئرمین این ڈی ایم اے کی سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے درست اعداد و شمار جمع کرنے کی ہدایت

243
چیئرمین این ڈی ایم اے

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے)کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے درست اعداد و شمار جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وہ پیر کو مون سون کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ خصوصی نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے اجلاس کی صدارت کرر ہے تھے۔ اجلاس میں پی ڈی ایم ایز، پی ایم ڈی، فیڈرل فلڈ کمیشن، سپارو، فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن، تربیلا اور منگلا ڈیم مینجمنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات، بڑے ڈیموں کی صورتحال اور جاری مون سون کے دوران دریا کے بہاؤ کے ریگولیشن کا جائزہ لیا۔پی ایم ڈی نے پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر کے علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے پنجاب کے شمالی علاقوں، خیبر پختونخوا (مالاکنڈ ڈویژن) اور آزاد جموں و کشمیر میں 31 جولائی سے 6 اگست تک متوقع بارشوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔متعلقہ پی ڈی ایم ایز نے متعلقہ صوبوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی اور حالیہ بارشوں کے دوران کئے گئے امدادی کاموں پر روشنی ڈالی۔ایف ایف ڈی نے اطلاع دی ہے کہ عنقریب کسی بھی بڑے دریا میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال کی توقع نہیں ہے تاہم 5 سے 7 اگست تک مختلف مقامات پر بارون کے سارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔

منگلا اور تربیلا ڈیم کی انتظامیہ نے بریفنگ دی کہ ڈیم بالترتیب اپنی گنجائش کا 85 اور 86 فیصد بھر چکے ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور درست اعداد و شمار جمع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ پی ڈی ایم ایز کو مشقیں کرنے اور موسم کے دوران اٹھائے جانے والے حفاظتی اقدامات کے بارے میں عوام میں آگاہی بڑھانے اور بدلتی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی۔