گورنرسندھ سے وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر کی ملاقات

113
خرم دستگیر
خرم دستگیر

کراچی۔ 02 اگست (اے پی پی):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں بجلی پیداوار ، صوبہ میں بجلی کی تسلسل سے فراہمی اور وفاقی حکومت کے اقدامات پر بات چیت ہوئی ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ معاشی ، صنعتی اور کاروباری ترقی میں توانائی کا کلیدی کردار ہے اس لئے معاشی شہ رگ کراچی میں تسلسل سے بجلی کی فراہمی ناگزیر ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ صنعتی اور کاروباری علاقے بجلی کی عدم فراہمی سے متاثر ہیں اس ضمن میں کے الیکٹرک کو بجلی کی تسلسل سے فراہمی کا پابند کیا جائے ۔وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے گورنرسندھ کو بتایا کہ بجلی کی پیداوار اور طلب میں فرق کے خاتمہ کے لئے کوششیں جاری ہیں اور وہ خود کے الیکٹرک حکام سے شہر سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ پر بات کریں گے ۔